کراچی (نیوز رپورٹر) سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہاکہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور اس کی زرعی زمین آج بھی دنیا کی سب سے ذرخیز زمین ہے،لیکن بدقسمتی سے ہم نے اس پر کوئی کام نہیں کیا۔ آج سارے اسلامی ممالک میں پاکستان کو جونمایاں مقام اور پہچان حاصل ہے اس کی ایک بڑی وجہ پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا ہے اور اس کا سہرا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جاتاہے۔پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور کوئی بھی ملک اس کی طرف آنکھ اُٹھاکر دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتااس لئے ہمیں معاشی طور پر کمزور کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس کے لئے ہم سب متحد ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے نوجوان ریسرچرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کی امید ہیں اور آپ اپنی صلاحیتوں کوبروئے کارلاکر پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور مستحکم کرسکتے ہیں۔انسٹی ٹیوٹ ہذا میں نوجوان محققین کو تراش تراش کرتیارکیاجاتاہے تحقیق کے ساتھ ساتھ بہترین کمیونیکیشن اسکلز بھی سکھائی جاتی ہیں۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جامعہ کراچی کے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کے زیر اہتمام انسٹی ٹیوٹ ہذا کے جناح آڈیٹوریم میں منعقدہ ’’ففتھ اورل پریزنٹیشن کمپٹیشن فار ایم فل اینڈ پی ایچ ڈی اسٹوڈنٹس‘‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر عبدالحسیب خان نے مزید کہا کہ جامعات کا کام صرف تحقیق ہوتا ہے جبکہ انڈسٹریز اسکو عملی جامہ پہناکر نہ صرف اندرون ملک مارکیٹ کرتی ہے بلکہ اس کی بدولت بر آمدات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ریسرچ اینڈ ڈیوپلمنٹ کے بغیر بین الاقوامی سطح پر کوئی مقام حاصل نہیں کرسکتے۔ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے طلبہ کو وہ تمام سہولیات اور تربیت فراہم کریں کہ دنیا بھر میں کہیں بھی وہ سر اُٹھاکرکھڑے ہوسکیں۔انسٹی ٹیوٹ ہذا محدود وسائل کے باوجودطلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے کوشاں رہتاہے۔جامعہ کراچی کے شعبہ انگریزی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر کلیم رضاخان نے کہا کہ تحریر کے لئے درست ہجوں اور گفتگو کرتے ہوئے الفاظ کی درست تلفظ کے ساتھ ادائیگی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں موبائل فون کی صورت میں ہر طالبعلم کے پاس ڈکشنری موجود ہے اب اس سے استفادہ کرنے کا انحصار طلبہ پر ہے۔تقریب کے اختتام پر جامعہ کراچی کے شعبہ خردحیاتیات کے سابق پروفیسر ڈاکٹر عقیل احمد نے مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق زونیرا عمران نے پہلی، سحر خان نے دوسری اور ثروت سحر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب کے اختتام پر طلبہ میں سرٹیفیکٹ اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔
سینیٹر عبدالحسیب خان
ففتھ اورل پریزنٹیشن کمپٹیشن فار ایم فل اینڈ پی ایچ ڈی اسٹوڈنٹس کی اختتامی تقریب
Jun 07, 2022