بھارت کا سفارتی ‘تجارتی بائیکاٹ کیا جائے‘ جے یوآئی

کراچی (نیوز رپورٹر) حرمت رسول پر ہماری جان مال اور اولاد قربان ہیں ، بھارت میں توہین رسالت پر پوری امت مسلمہ کے دل زخمی اور جذبات مجروح ہوئے ہیں، حرمت رسول پر جانیں لٹانے کیلئے حاضر ہیں حرمت رسول پر مسلم امہ کے دل آج زخمی ہیں مسلم امہ کیلئے سب سے محترم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا رشتہ ہے ہم اپنے نبی سے محبت اپنی اولاد مال جان سے زیادہ کرتے ہیں ۔نبی مہربان کی حرمت پر کسی بھی قیمت پر کمپرومائز نہیں کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار بھارت میں توہین رسالت واقعے کیخلاف جمعیت علمائے اسلام کے تحت کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے جے یوآئی رہنماؤں قاری محمد عثمان ، مولانا محمد غیاث ، مولانا اعجاز مصطفی، مولانا سمیع الحق سواتی ، حاجی امین اللہ اچکزئی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا نورالحق ، مولانا رضوان قاسمی ، قاری فیض الرحمن عابد، فاروق سید حسن زئی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یورپین ممالک اور اب ہندوستان مسلم امہ کے جذبات کو مجروح کررہاہے ، ہم ناموس رسالت پر کسی بھی قسم کا سودا قبول کرنے کوتیار نہیں ، امت مسلمہ گستاخان رسول سے نمٹنا جانتے ہیں عرب ممالک کی طرح دیگر مسلم امہ بھی صرف گستاخی رسول کی مذمت نہ کرے بلکہ ہندوستان سے سفارتی وتجارتی تعلقات منقطع کردے۔انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخیاں کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے ہندوستان اور بی جے پی کو ہم متنبہ کرتے ہیں کہ وہ جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کی جانے والی گستاخیوں کا جواب دے،  مسلم امہ ان سے پوچھنے کا حق رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان بھی ناموسِ رسالت کی حفاظت کرنے والوں کا ہے ناموسِ رسالت پر مر مٹنے والوں کا ہے، یہ ملک مسلمانوں کا ہے۔ اسے کلمہ  لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ کی بنیاد پر اورکملی والے ﷺ کے نام پر ہی حاصل کیا گیا ہے۔اگر ہم اس ملک میں ناموس محمد مصطفی ﷺ کی حفاظت نہیں کریں گے تو اللہ ہمارا نام بھی مٹا دے گا جس طرح اندلس سے مٹا دیا۔مظاہرے کے بعد جے یوآئی کارکنان نے نمازِ عصر باجماعت پریس کلب کے سامنے ادا کی بعد ازاں پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔
قاری عثمان

ای پیپر دی نیشن