لشاری والا جنگل میں ہرن کا غیر قانونی شکار‘ عملے پر فائرنگ‘ ملزمان فرار

Jun 07, 2022


کوٹ ادو (خبر نگار) لشاری والا جنگل میں مسلح افراد کا  درجنوں شکاری کتوں کے ہمراہ ہرن کا غیرقانونی شکار، وائلڈ لائف عملہ پر فائرنگ‘ غیر قانونی شکارسمیت کشتی کے ذریعہ فرار،کشتی مالک سمیت 13شکاریوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیل کے مطابق کوٹ ادو کے نواحی علاقہ تونسہ بیراج کے مقام پر 5ہزارایکڑ پر مشتمل جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے قدرتی جنگل میں جو جنگلی جانوروں اور پرندوں کا مسکن بھی ہے پر تعینات محکمہ وائلڈ لائف کا عملہ جنگی حیات کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ گزشتہ روزپل 22کے سہانی برادری اور گاڈی برادری کے شکاری سجن سہانی، رضا سہانی، عثمان سہانی، نیاز سہانی، فریدعرف ماما سہانی،افضل سہانی، آصف سہانی، سلیم گاڈی، اللہ وسایا گاڈی، اعجاز گاڈی ،آصف گاڈی اسلحہ اور درجنوں شکاری کتوں کے ہمراہ غیرقانونی طورپرشکارکھیلتے ہوئے ایک پاڑہ نرہرن کا شکار کیا۔ اطلاع ملتے ہی وائلڈلائف عملہ موقع پر پہنچا  تو ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے غیرقانونی شکار زخمی پاڑہ ہرن سمیت کشتی میں دریائے سندھ پار کرکے فرارہوگئے۔ عملہ نے شکاریوں کو دریا پار چھوڑنے والی کشتی کو قبضے میں لے لیا اور کشتی کے ملاح عرفان سہانی سمیت تمام شکاریوں کے خلاف تھانہ صدر کوٹ ادو میں استغاثہ بھجوادیا پولیس تھانہ صدر کوٹ ادو نے وائلڈ لائف انچارج سید ظفر اقبال کی مدعیت میں تمام شکاریوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔

مزیدخبریں