خانیوال‘ بورے والا‘ کہروڑ پکا‘ ٹبہ سلطانپور‘ لڈن‘ منڈا چوک (نمائندوں سے) جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں کھاد نہ ملنے پر کاشتکروں کا احتجاج‘ ذخیرہ اندوزوں‘ گراں فروشوں کیخلاف انتظامی افسران کے چھاپے‘ گرفتاریاں‘ جرمانے‘ مقدمات‘ دکانیں سیل‘ کھاد ڈیلروں کا احتجاج‘ بعض کھاد ڈیلروں نے یوریا کھاد کی مزید بکنگ کرانا بند کر دی۔ خانیوال میں دو روز سے یوریا کھاد کی سپلائی تعطل کا شکار ہے جس کے باعث جہانیاں،خانیوال کبیروالا. عبدالحکیم اور دیگر مضافاتی علاقوں میں یوریا کھاد نایاب ہوگئی ہے کاشتکار مارے مارے پھرنے لگے یوریا سیل پوائنٹس پرکاشتکاروں کی طویل قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں جبکہ کمپنیوں کی جانب سے یوریا کھاد ڈی اے پی اور نائٹروفاس کے ساتھ مشروط دینے پر ضلع بھر کے ڈیلروں نے کھاد کی بکنگ بند کر دی ہے چند روز میں یہ بحران انتہائی سنگین اور شدت اختیار کر جائے گا اگلے ہفتہ کپاس کی فصل کو یوریا کی بہت زیادہ ضرورت ہوگی اگریوریا کھاد نہ ملی تو کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔ کاشتکاروں نے اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں کھاد ملی تو وہ احتجاج ڈی سی آفس کے باہر کریں گے۔ بورے والا میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بورے والا نے ٹیم کے ہمراہ لکڑ منڈی میں واقع بڑے کریانہ ڈیلر ملک غلام رسول کے گودام پر چھاپہ مارا تو گودام میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ شدہ 56 ہزار پیکٹ گھی اور آئل کے علاوہ 900 بوری چینی برآمد ہوئی جس پر چیف آفیسر نے گودام کو فوری طور پر سیل کرکے مزید کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔کہروڑپکا میں اسسٹنٹ کمشنر اشرف صالح نے جھانبی واہن میں اللہ ڈتہ کے گودام پر چھاپہ مار کر ذخیرہ شدہ تین ہزار من گندم اورتھیلوں سے بھراٹرک قبضہ میں لے کر مالک کو گرفتار کر کے گودام سیل کر دیا ۔ ٹبہ سلطانپور اورچوک میتلاکے کھادڈیلروں کیخلاف انتظامیہ کا کوئی ایکشن نظرنہ آنے پرکھادڈیلروںنے تین ہزار روپے بوری فروخت جاری رکھی۔ کاشتکاروں عبدالمجید،ناصرحسین،فیاض احمد،یاسین احمد،نصیراحمد،عارف حسین،وقاص احمد،عبدالصمد،محمدعرفان،محمدصدیق،محمدرمضان ودیگرنے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کھادڈیلروں کے خفیہ گودام چیک کرکے یوریاکھادسرکاری نرخوں پرکسانوں کوفراہم کی جائے ورنہ بڑااحتجاج کرنے پرمجبور ہوجائینگے۔لڈن میں پاکستان کسان اتحاد کے سینکڑوں کارکنوں نے یوریا کھاد ڈی اے پی کھاد کی عدم دستیابی بلیک ماکیٹنگ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اورزرعی مداخل کی مہنگائی پر لڈن حاصل پورروڈ کوبند کردیا انتظامیہ کے خلاف شدیدنعرے بازی کی ۔ مرکزی جنرل سیکرٹری افتخار علی چوہدری نے خطاب کیا۔ اطلاع پر اے سی وہاڑی سیدوسیم حسن ودیگرافسران موقع پر پہنچ گئے اور مطالبات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی جسکے بعد بند روڈ کھول دیا گیا۔ خان گڑھ اور گردونواح میں کھاد مافیا کسانوں کو مہنگی کھاد دھڑلے سے فروخت کرتے رہے۔ کسانوں فرمان علی،خورشید علی،عبدالرحمان وزیر احمد و دیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور کمشنر ڈی جی خان سے کھاد کی مہنگی فروخت بابت فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور کھاد مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
کھاد نہ ملنے پر کسان ‘ انتظامیہ کے چھاپوں کیخلاف کھاد ڈیلرز سراپا احتجاج
Jun 07, 2022