ملتان (نمائندہ نوائے وقت) صوبائی وزیر علی حیدر گیلانی، کمشنر انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع ملتان میں جاری ترقیاتی سکیموں بارے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔صوبائی وزیر سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ شہر اولیاء کا دیرینہ مسئلہ واسا سے متعلق ہے۔ سیوریج کے مسائل کے حل، صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے عوام کی فلاح کیلئے ملتان میں میگا پراجیکٹس لائے جائیں گے ملتان کی ترقی کیلئے پر عزم ہیں اور شہریوں کو جلد ہی اہم منصوبوں بارے اچھی خبر دیں گے۔اجلاس میں نشتر ہسپتال فیز 2، کینسر ہسپتال کی جلد تکمیل کی ہدایات دی گئیں جبکہ چلڈرن ہسپتال میں خصوصی چلڈرن برن وارڈ بارے بھی سفارشات زیر غور آئیں۔کمشنر انجینئر عامر خٹک نے سکیموں کی بروقت تکمیل کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سکیموں کی تکمیل میں کوالٹی پر سمجھوتہ برداشت نہیں۔کمشنر نے سکیموں کو ادھورا چھوڑنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کرنے کا حکم دیا۔
ملتان کی ترقی کیلئے پُرعزم‘ میگا پراجیکٹس لائینگے: علی حیدر گیلانی
Jun 07, 2022