پاکستان اورجرمنی کامختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کومزیدفروغ دینےکاعزم

پاکستان اور جرمنی نے مختلف شعبوں میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔اس عزم کا اظہار وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کی جرمن ہم منصب اینا لیناBaerbock نے آج اسلام آباد میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یورپی یونین میں شامل ملکوں میں جرمنی، پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور پاکستان سے برآمدی سامان حاصل کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کی جرمنی کو برآمدات ڈھائی ارب ڈالر جبکہ جرمنی کی پاکستان کو درآمدات ایک ارب تیس کروڑ ڈالر رہیں۔انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان میں برا ہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والا ساتواں بڑا ملک ہے اور اس کی پینتیس کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔افغانستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم پر امن اور خوشحال افغانستان کی حمایت کرتے ہیں جو علاقائی استحکام اور روابط میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ نے پاکستان آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کرنے پر بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔

یوکرین کے مسئلے پر وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کو یوکرین کی عوام کی فلاح و بہبود، شہریوں کی ہلاکتوں کی رپورٹس، بڑے پیمانے پر پناہ گزینوں کی نقل مکانی کے بارے میں ہمیشہ تشویش رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پرامیدہے کہ اس مسئلے کا مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے جلد حل تلاش کرلیا جائے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں ، بھارت میں اسلام کے بڑھتے ہوئے پروپیگنڈے اور علاقائی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوںاور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے مسئلے کے حل تک جنوبی ایشیا میں امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

اس سے پہلے جرمنی کی وزیر خارجہ Annalena Baerbock پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آبادپہنچیںوہ پاکستانی قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔خارجہ امور کی وزارت آمد پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری خارجہ امور کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور دوسرے اعلیٰ حکام نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔وہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہی ہیں۔

جرمنی کی وزیرخارجہ نے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ خارجہ امور کی وزارت کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔
 

ای پیپر دی نیشن