اسلام آباد(خبرنگار خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دفاع کیلئے 1800 ارب روپے مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق نیشنل اکنامک کونسل نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے اہداف تیار کرلیے جس پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ جی ڈی پی کا 7.7 فیصد مالیاتی خسارے کے ساتھ تیار کیا گیا، وفاق اور صوبوں کو ملا کر 7.1 فیصد مالیاتی خسارے کا بجٹ تیار کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بجٹ میں 6 ہزار ارب روپے سے زائد کا مالیاتی خسارہ ہوگا جب کہ قرض اور سود کی ادائیگیوں پر 7300 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔بینظیراِنکم سپورٹ پروگرام کیلئے 430 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ایف بی آر کیلئے 9200 ارب ٹارگٹ مختص کیا گیا ،نان ٹیکس آمدن کی مد میں 2800 ارب روپے کا ٹارگٹ مختص کیا گیا۔جبکہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹین بلین ٹری سونامی منصوبہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔دستاویز کے مطابق منصوبے کو گرین پاکستان پروگرام کا نام دیا گیا اور منصوبے پر مجموعی طورپر 125 ارب روپے سے زیادہ لاگت آئیگی۔اگلے مالی سال اس منصوبے پر 3 ارب 90 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
بجٹ: دفاع کیلئے 1800ارب مختص کرنے کی تجویز، بلین ٹری منصوبہ جاری رکھنے کا فیصلہ
Jun 07, 2023