اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں پر مشکل حالات آتے رہتے ہیں، اس پر بہت زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی سے متعلق شوکاز نوٹس پر سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل انور منصور کا کہنا تھا کہ اس وقت سیاسی جماعت پر زمین بہت زیادہ تنگ کر دی گئی ہے، اس وقت معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے، لوگ دفتر سے سارا ریکارڈ اٹھا کر لے گئے، اس وقت پی ٹی آئی دفاتر بند اور عہدیدار روپوش ہیں۔ وکیل انور منصور نے کیس میں جواب جمع کرانے کیلئے مزید ایک ماہ کا وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ کے حصول کیلئے مختلف ذرائع سے کوشش کر رہا ہوں، ریکارڈ کی عدم موجودگی پر اب کیا دلائل دوں؟۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ کیس ممنوعہ فنڈنگ کی ضبطگی سے متعلق ہے، الیکشن کمیشن مرکزی کیس کا فیصلہ سنا چکا ہے، الیکشن کمیشن نے حقائق کی بنیاد پر مرکزی کیس پر فیصلہ سنایا، مرکزی کیس کا فیصلہ چیلنج کرنا ہے تو متعلقہ فورم پر جائیں۔ الیکشن کمشن نے انور منصور کی مزید وقت دینے کی درخواست منظور کر لی۔ الیکشن کمشن نے جواب جمع کرانے کیلئے مزید 4 ہفتوں کا وقت دے کر کیس کی مزید سماعت 6 جولائی تک ملتوی کر دی۔
پاکستان میں سیاسی جماعتوں پر مشکل وقت آتا رہتا ہے، زیادہ پریشانی کی ضرورت نہیں چیف الیکشن کمشنر
Jun 07, 2023