لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی کیلئے ایک بار پھر جنگ شروع ہو گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ذکاء اشرف کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت ہمارے پاس ہے تو پی سی بی کا سربراہ تعینات کرنے کا حق بھی ہمارا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی سے متعلق وزیراعظم شہبازشریف کو آگاہ کر دیاہے۔ پیپلزپارٹی نے ذکاء اشرف کا نام تجویز کیا ہے۔ 70 سالہ ذکاء اشرف پہلے بھی 2011ء سے 2014ء کے درمیان چیئرمین پی بی سی رہ چکے ہیں۔وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بھی نجم سیٹھی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو مزید توسیع دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کمیٹی کو 4 ماہ میں علاقائی (ریجنز) انتخابات کروانے اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنے کا ٹاسک سونپا گیا تھا تاہم 6 ماہ کا وقت گزرنے کے باوجود ٹاسک مکمل نہیں کیا جا سکا۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ایشیاء کپ پاکستان میں منعقد کروانے کے حوالے سے لابنگ میں ناکامی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ نجم سیٹھی کی سربراہی میں بننے والی مینجمنٹ کمیٹی کو 4 ماہ میں بورڈ آف گورنرز منتخب کرنے اور انتخابات کروانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ اپریل 2023ء میں 4 ماہ مکمل ہونے کے بعد 2 ماہ کی مزید توسیع دی گئی تھی جو رواں ماہ جون کے تیسرے ہفتے میں مکمل ہو رہی ہے۔