فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما سعودی فٹبال کلب الاتحاد سے وابستہ ہوگئے

Jun 07, 2023 | 15:02

ویب ڈیسک

ریاض: عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی فٹ بالر کریم بینزیما سعودی عرب کے فٹ بال کلب ‘الاتحاد’ سے وابستہ ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما نے 14 سال بعد ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کو خیرباد کہنے کے بعد سعودی فٹبال کلب ’الاتحاد‘ کے ساتھ معاہدہ طے کرلیا ہے۔

اس حوالے سے ’الاتحاد‘ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے . جس میں کریم بینزیماکو سعودی فٹبال کلب کے ساتھ 2026ء تک کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اس ویڈیو کے آخر میں فرانسیسی سٹرائیکر نے عربی زبان میں سعودی فٹبال کلب ’الاتحاد‘میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ لوگوں کو جدہ میں دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔کریم بینزیما اپنے ساتھی کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہیں جوکہ سعودی فٹبال کلب’النصر‘ کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب دنیا بھر سے فٹبال کے شاندار ٹیلنٹ کو اپنی فٹبال لیگ کی جانب راغب کرنے کا خواہشمند ہے اور اس مقصد کے لیے مبینہ طور پر 10 سے زائد ایسے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی گئی ہے جنہوں نے چیمپئنز لیگ یا ورلڈ کپ جیتا ہو۔

اس فہرست میں ریال میڈرڈ اور کروشیا کے مڈفیلڈر لوکا موڈرک، ٹوٹنہم کے گول کیپر ہیوگو لوریس اور فرانس کے کھلاڑی این گولو کانٹے شامل ہیں، یہ تمام کھلاڑی اپنے کیریئر کے اختتام پر ہیں۔

مزیدخبریں