''مدینے والے کو میرا سلام کہہ دینا''

Jun 07, 2024

ضرار چوہان

راہ حق …ضرار چوہان 
M.Zararchohan@gmail.com 

84 ہزار 65 عازمین کرام سرزمین حجاج مقدس قدم رنجائی کر چکے ہیں۔ یہ وہ خوش نصیب ہیں جن پر نورانی مخلوق بھی نازاں ہے، یہ اللہ کریم کے وہ مہمان ہیں جن کو مدینے پاک اور مکہ مکرمہ میں عزت وتکریم کے گلاب میسر ہوں گے۔ گزشتہ ماہ کے پہلے عشرے میں ہم بھی اس خوش بخت فہرست کا حصہ تھے جنہیں مدینے کی حاضری نصیب ہوئی۔ہم نے حرم شریف اور مسجد نبوی? میں انوارتجلیات کے وہ وہ مناظر دیکھے جن کے اظہار کے لیے الفاظ ملنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہیں۔ روضہ رسول? کے سامے بار بار کھڑے ہونے کی سعادت پانے کے باوجود دل بے چین ہے یعنی دل بھرا نہیں ہے احمد فراز یاد آگئے
وہ سامنے ہے مگر تشنگی نہیں جاتی
یہ کیا ستم ہے کہ دریا سراب جیسا ہے
اللہ کریم عازمین کی حاضری قبول کرے اور انہیں مسلمانوں کی خدمت کرنے کی ہمت وتوفیق کے گلاب عطا کرے ،اللہ پاک مصیبت اور بے کلی میں مبتلا مسلمانوں کو عزت' سکون اور آزادی نصیب فرمائے ،رب کائنات غزہ کے مسلمانوں کو استقامت کے ساتھ مسلمان حکمرانوں کو اس اتحاد اور اس وابستگی کی توفیق عطا کرے جس کا اظہار حضرت اقبال کرتے رہے
اخوت اس کو کہتے ہیں چھبے کانٹا جو کابل میں
تو ہندوستاں کا ہر اک پیرو جواں بے تاب ہو جائے
 مدینہ منورہ اور حرم شریف میں اللہ پاک نے وہ محبت وہ ارادت کی کشش رکھ دی ہے کہ دنیا کے کونے کونے سے اہل عقیدت واہل عشق حجاج مقدس کی طرف کھچے چلے آتے ہیں۔آج بھی کرہ ارض پر ہزاروں، لاکھوں بلکہ کروڑوں افراد ایسے ہیں جن کے دلوں میں مقدس سفر کی تڑپ شدت کے ساتھ موجود ہے۔ اللہ کریم سب کو اپنے گھر کی زیارت اور مدینہ منورہ کی گلیوں میں گھومنے اور مسجد نبوی? میں سجدہ شکر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔ یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت پاکستان نے خواتین کو بغیر محرم کے حج کی اجازت دی ، اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس 232 میں اس بڑے قدم کی حمایت کی گئی تاہم بغیر محرم کے حج کے لئے جانے والی خواتین کو اپنے والدین یا شوہر کی طرف سے اجازت نامے کا سرٹیفکیٹ حج درخواست کے لیے نتھی کرنا شرط ہے۔یہ درست ہے کہ دین اسلام نے بغیر محرم عورت کے تنہا عمرہ وحج پر پابندی عائد کر رکھی تھی اس لئے عورت اپنے بھائی' والد ' شوہر یا بھتیجے بھانجوں کے ساتھ یہ مقدس فریضہ ادا کرتی ہے۔ یہ پابندی خود عورت فائدے کے لیے تھی پہلے دور میں حج سفر مہینوںپر محیط ہوتا ، یوں طویل مسافت میں عورت کو ان رشتوں کی ضرورت پیش آتی جو اس کے بہت قریب ہوتے۔ اس ضرورت اور اہمیت کے پیش نظر محرم کی شرط لازمی رکھی گئی۔ اب چونکہ سفرگھٹنوں پرمحیط ہے صبح 4 بجے فلائٹ پر سوار ہوں تو اگلے پانچ چھ گھنٹوں میں آپ جدہ ائیر پورٹ پر پہنچ سکتے ہیں۔ اب تو فضائی سفر کے دوران بھی مسافروں کو اے کلاس کی سہولتیں میسر ہیں ایسے جدید دور میں تنہا عورت کو سفر میں کسی ایشو کا سامنا ہو جائے تو ائیر لائن میں موجود ائیر ہوسٹس فوری اس مسئلہ کا حل تلاش کرلیتی ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے محرم کے بغیر عورت کے حج روانگی کا فیصلہ سعودی علماء اور مجتہدین کی ان سفارشات کی روشنی میں کیا جنہوں نے طویل غوروخوص کے بعد دور جدید کے حالات کے مطًابق اس پابندی کو ختم کرانے کے حق میں فیصلہ دیا یقیناً اس رعایت سے لاکھوں خواتین استفادہ کریں گی۔ اسلام آسانیاں تقسیم کرنے والا مذہب ہے اورہمارا دین آسانیاں تقسیم کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔ آج بھی ہمارے ارد گرد بے شمار ایسے محبان موجود ہیں جو مخلوق خدا کے لیے آسانیوں کی شمعیں روشن کررہے ہیں، یہی وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے دنیا میں حسن وپاکیزگی کی رعنایاں موجود ہیں۔حضرت امام زین العابدین کا فرمان ہے اگر لوگوں کو خدمت خلق سے ملنے والے اجر کی حقیقت معلوم ہو جائے تو لوگ اس اجر( ثواب) کو پانے کے لیے آپس میں مسابقت (مقابلہ) کریں۔اللہ پاک ہم سب کو آسانیاں تقسیم کرنے اور اس کی ترغیب کی توفیق دے: آمین

مزیدخبریں