اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے عید الاضحی کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری سے بات نہیں ہوگی، بات تب ہوگی جب وہ ہمارا مینڈیٹ تسلیم کریں گے۔ایک انٹرویو میں سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہماری تحریک پر امن ہوگی، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہماری بات چیت آگے بڑھ رہی ہے، نوازشریف اور آصف زرداری سے بات نہیں ہوگی، بات تب ہوگی جب وہ ہمارا مینڈیٹ تسلیم کریں گے، چوری کیا گیا مینڈیٹ ہمیں واپس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مین اپوزیشن پارٹیوں کو اکٹھا کرلیا ہے، مزید سیاسی جماعتیں جلد اتحاد میں شامل ہوجائیں گی، ملک تب آگے بڑھے گا جب آئین و قانون کے مطابق چلے گا، احتیاط سے آگے بڑھ رہے ہیں، عید کے بعد بڑا اجلاس ہوگا اور عید کے بعد اتحاد کو باضابطہ شکل دینی ہے، جو بھی کریں گے آئین و قانون کے اندر کریں گے۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ الیکشن کے پہلے جو کچھ ہوا اس کے باوجود لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا، الیکشن میں فارم 45 کے نتائج کو فارم 47 میں بدل دیا گیا، چیف جسٹس پاکستان سے ہمیں گلہ ہے، اختلاف ہوسکتا ہے، فیصلوں پر تنقید شائستگی کیساتھ ہونی چاہیے، آئین میں واضح ہے پارلیمان میں ججز کیکنڈکٹ پر بات نہیں کرسکتے، پارلیمان میں ججز کے فیصلے پر بات ہوسکتی ہے۔ اسدقیصر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت فیڈریشن کے خلاف سازش کررہی ہے، بانی پی ٹی آئی کو غیرقانونی اور بلاجواز اندر کیا ہوا ہے، سائفر کیس کا فیصلہ آگیا، ابھی عدت کا کیس دیکھو، بانی پی ٹی آئی پر ظلم ہورہا ہے، ہم ان کے ساتھ ہیں۔
اسد قیصر کا عیدالاضحیٰ کے بعد حکومت کے خلاف پُرامن تحریک چلانے کا اعلان
Jun 07, 2024