بزنس فورم نیا باب رقم، چینی کمپنیوں کو پاکستان مدعو کریں گے،  اسحاق ڈار

Jun 07, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی آہنی دوستی اور شراکت داری سٹریٹجک سطح تک بڑھ چکی ہے، شینزن میں پاک چین بزنس فورم کے انعقاد سے حکومت نے دوطرفہ تعاون کا ایک نیا باب رقم کیا ہے، آنے والے مہینوں میں چینی کمپنیوں کو پاکستان مدعو کیا جائے گا۔ نائب وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں چوتھے پاک چین دوستی اور کاروباری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہم نے کامیابی کی شراکت اور مشترکہ تعاون کا ایک نیا سفر شروع کیا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں ہم اس ماڈل کو مزید آگے بڑھائیں گے اور چینی کمپنیوں کو پاکستان میں مدعو کریں گے۔  انہوں نے کہا کہ اس اجتماع کا مقصد ہماری مضبوط اور خلائی شراکت داری کی دوستی کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی آہنی دوستی  اور شراکت داری پہلے ہی ایک سٹریٹجک سطح تک بڑھ چکی ہے جس میں معیشت، تجارت، سماجی اور دفاعی شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔  بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور ان کی ٹیم کا کردار بھی قابل تعریف ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم چین کے صدر کے عالمی ترقیاتی اقدام (جی ڈی آئی)، گلوبل سولائزیشن انیشیٹو (جی سی آئی) اور گلوبل سکیورٹی انیشیٹو (جی ایس آئی) کی تہہ دل سے حمایت کرتے ہیں، پاکستان چین کا قابل اعتماد دوست اور شراکت دار رہا ہے، ہے اور رہے گا۔

مزیدخبریں