کراچی (خاور عباس سندھو) کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین نتیجہ خیز ثابت ہو گا، سی پیک کا فیز ٹو شروع ہونے جارہا ہے، متعدد نئے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ یہ باتیں انہوں نے نوائے وقت گروپ کے سپیشل کارسپانڈنٹ سے کراچی قونصلیٹ میں ملاقات میں کہیں۔ یانگ یونڈونگ نے کہا کہ بزنس مین ٹو بزنس مین کاروبار کے لئے زبان کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ زبان کی رکاوٹ دور کرنے کے لئے بہت کام کیا جارہا ہے، اس وقت 80 ممالک میں چینی زبان سکھائی جارہی ہے۔ چینی قونصل جنرل نے نوائے وقت کی طرف سے چینی زبان کو بطور سبجیکٹ سلیبس کا حصہ بنانے کی تجویز کو خوب سراہا۔ فیز ٹو کے تحت جی ٹو جی کے ساتھ بی ٹو بی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی تو دونوں ممالک کی تاجر برادری کے لئے کاروبار کے ساتھ عوام کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ شن جیانگ ترقی میں بہت آگے بڑھ گیا، چین نے سیکڑوں ملین افراد کو غربت سے نکال دیا۔ مغربی اور بھارتی میڈیا اس حوالے سے ڈس انفارمیشن پھیلا رہا ہے۔ چین ہر ملک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور اپنے تجربات سب کو شیئر کرنے کے لئے تیار ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی چین کا دورہ کریں۔ مغربی میڈیا کی ڈس انفارمیشن کو مسترد کرنے میں پاکستان کے میڈیا نے بہترین کردار ادا کیا ہے۔ اس حوالے سے روزنامہ نوائے وقت اور دی نیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
وزیراعظم کا دورہ نتیجہ خیز ہوگا، سی پیک ٹو شروع ہونے جا رہا ہے: چینی قونصل جنرل
Jun 07, 2024