سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ آنے والے دنوں بھارت میں جو بھی نئی حکومت بنے گی، ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اقتدار میں آکر کشمیر کے انسانی اور سیاسی مسئلہ سمیت تمام مسائل کے پر امن حل کیلئے ایک حقیقت پسندانہ اور انسانی رویے سے عبارت پالیسی اپنائے گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جہاں تک کل جماعتی حریت کانفرنس میں شامل باقی ساتھیوں کا تعلق ہے اور کل جماعتی حریت کانفرنس کا ہمیشہ سے یہی اصولی موقف رہا ہے کہ بات چیت اور پر امن مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے اور ہم ہمیشہ اسی پرزور دیتے رہیں گے۔ مقبوضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کے فیصلے کا احترام کرے اور بارہمولہ حلقے سے جیتنے والے امید وار انجینئر عبدالرشید کو جیل سے رہا کرے۔ جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں پولیس پنشنرز ویلفیئر فورم غیر جریدہ نے اپنے مطالبات کے حق میں جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں نے پنشن میں بے ضابطگیوں کے تدارک ، 5ویں پے کمیشن پر عملدرآمد، بھارتی نیم فوجی دستوں کے برابر طبی سہولیات، 10 فیصد ریزرویشن اور دیگر مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔ دوسری جانب شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ قصبے کے رہائشی ایک نوجوان کی لاش چھ روز بعد دریائے جہلم سے برآمد ہوئی ہے۔نوجوان نے یکم جون کو چٹابل کے مقام پر دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی تھی۔ مقبوضہ ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میںسڑک کے ایک حادثے میں ایک خاتون جاں بحق اور دو دیگر افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
نئی بھارتی حکومت بات چیت ، پر امن مذاکرات سے مسئلہ کشمیر حل کرے : حریت کانفرنس
Jun 07, 2024