شافع حسین سے کاٹن جنرزایسوسی ایشن وفد کی ملاقات،مسائل پرگفتگو

لاہور(کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔جننگ فیکٹریوں پر ایکسائزہائی وے ٹیکس، کاٹن کے درآمدی بیج، بنولہ پرٹیکس اور دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی۔وفد نے ملتان میں ایک نئی انڈسٹریل سٹیٹ بنانے کا مطالبہ کیا۔
صوبائی وزیرنے کاٹن جنرزایسوسی ایشن اور جننگ فیکٹریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔چوہدری شافع حسین نے کہا شوگر ملز مالکان ہرسال اربوں روپے کماتے ہیں لیکن کاشتکاروں کو سالوں ادائیگی نہیں کرتے۔ کپاس نقدآور فصل ہے۔ کاشتکاروں کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر روزگار کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے لاہور کے نزدیک 2 ہزار ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا جارہا ہے۔صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ملتان میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر بنایا گیا ہے۔ صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے ملتان میں بنجر اراضی پر نئی انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کیلئے سروے کرنے کا حکم دیا۔ وفد میں پاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری وحید ارشد، سہیل ہرل، محمد اکرم اور دیگر شامل تھے۔ ایم ڈی پیسک سدرہ یونس،سینئر اکنامک ایڈوائزر جاوید اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری کامرس اور دیگر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن