لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پرائمری سطح تک تمام ہیلتھ فیسلیٹیز میں مطلوبہ ڈاکٹرز کی جلد تعیناتی کردی جائے گی۔ گزشتہ حکومت کے اچھے کاموں کو آگے بڑھائیں گے۔سست روی کے شکار منصوبوں کی جلد تکمیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی ویکسینیشن مہم میں متعلقہ افسران، سٹاف کی غفلت کے باعث خسرہ کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔غفلت کے مرتکب افسران، ویکسینیٹرز کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے تمام بنیادی و دیہی مراکز صحت کی ریویمپنگ مارچ 2025 تک مکمل کرلی جائے گی۔ ان خیالات کا ظہار صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ہیلتھ روڈ میپ کے تحت جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔