لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے بچپن میں پاکستان‘ بھارت ٹاکرا دیکھنے کی یادیں شیئر کردیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت میچ میں بہت پریشر ہوتا ہے۔ اس مقابلے کو دیکھنے اور کھیلنے میں بہت فرق ہے، پہلے ٹی وی پر دیکھتے تھے اب کھیلتے ہیں تو وہ بالکل مختلف ہے۔ پوری دنیا اس مقابلے کا انتظار کرتی ہے، ماضی میں، میں بھی اس مقابلے کا شدت سے انتظار کرتا تھا۔ تیاری بہت اچھی ہے۔ جب آپ کسی بڑے ایونٹ میں مختلف حالات میں کھیلتے ہیں تو پھر جوش بھی ویسا ہی ہوتا ہے۔شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان بھارت ٹاکرے سے متعلق کہا کہ وہ بچپن میں سکول کی چھٹی کرکے پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھتے تھے۔ نتیجہ جو بھی ہو، پاکستان بھارت میچ ضرور دیکھتے تھے۔ اب بھی یہ ایک بڑا میچ ہے، ایک بار پھر ہم مقابلے کیلئے تیار ہیں۔کچھ ساتھی یہاں کھیل چکے ہیں، امید ہے ہمارا یہ ایونٹ اچھا رہے گا۔ پاکستان بھارت مقابلہ 9 جون کو نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل سٹیڈیم نیو یارک میں شیڈول ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔ مقامی محکمہ موسمیات کے پیشگوئی کے مطابق شام کے وقت ہلکی پھلکی بوندا باندی کا امکان ہے تاہم اس سے میچ کے متاثر ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ کیونکہ پاکستان بھارت میچ نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے ہوگا۔
کھلاڑی پرجوش،تیاری اچھی،بھارت سےمقابلہ کیلئے تیار ہیں:بابراعظم،شاہین آفریدی
Jun 07, 2024