گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)وزیر خوراک پنجاب ان ایکشن، گوجرانوالہ میں جعلسازی کرنے والوں کی شامت۔وزیرخوراک بلال یاسین اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کنگنی والا میں واقع سنیکس یونٹ پر چھاپہ مار کاروائی کی اس دوران انہوں نے1000لٹر کھلا اور ناقص آئل، 210 کلو ممنوعہ فلیور اور ایکسپائر اجزاء تلف کر کے 5لاکھ جرمانہ عائد کردیا۔وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا تھا کہ ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ سپلائی کے لیے تیار اشیاء پر تاریخ اجراء اور تنسیخ موجود نہ تھی۔صفائی کے بدترین حالات، کاکروچز، چھکلیوں اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔برآمد شدہ ناقص آئل میں پاپڑ اور سنیکس فرائی کر کے پیک کیے جارہے تھے۔خوراک کی تیاری میں نان فوڈ گریڈ اشیاء کا استعمال اور پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزیاں کی جارہی تھیں۔ ناقص آئل سے تیار اشیاء خورونوش کا استعمال دل کے عارضے میں مبتلا کرتا ہے۔سنیکس اور گولیاں ٹافیاں بچوں کی پسندیدہ اشیاء ہیں، ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔خوراک کی تیاری میں مضر صحت ممنوعہ اجزاء کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔