لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ حجاج کرام مذہبی فریضہ ادا کرنے سعودی عرب جا رہے ہیں لہذا وہ سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں اور سیاسی اجتماع یا فرقہ وارانہ بحث سے گریز کریں۔ سرگودھا واقعہ قابل مذمت ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال سرکاری اڑسٹھ سے انہتر ہزار اور پرائیویٹ طورپر نوے ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے اور یہ آپریشن 12 جون تک مکمل ہوگا۔ سعودی قوانین کو سامنے رکھتے ہوئے حجاج کرام کسی قسم کی سیاسی و فرقہ وارانہ سرگرمی میں حصہ نہ لیں، حجاج سیاسی جھنڈا بینر یا تصویر سے دور رہیں۔ حج اللہ کیلئے کریں گے۔ آپ دعائیں کریں لیکن جتھہ بازی یا سیاسی اجتماع یا فرقہ وارانہ بحث سے گریز کریں۔ توہین مذہب کے معاملے پر قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں اور ملک کا آئین کسی کو خود ہی عدالت یا خود ہی جج بننے کا کوئی اختیار نہیں۔