لاہور (نامہ نگار) آئی جی پنجاب سے ملاقات نہ ہونے پر ایک شخص نے سنٹرل پولیس آفس کے سامنے خود پر مٹی کا تیل چھڑک کرآگ لگالی۔ وہ جھلس گیا جبکہ بچانے کی کوشش میں ایک ایلیٹ فورس اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مناواں کے رہائشی اصغر سہیل نامی سائل نے گزشتہ روز آئی جی آفس کے باہر خود پر مٹی تیل چھڑک کرآگ لگالی ہے۔ اصغر سہیل کو بچاتے اور آگ پر قابو پاتے ہوئے ایلیٹ فورس کا ایک جوان حمید بھی جھلس کر زخمی گیا۔ سائل اصغر کے مطابق وہ صبح سات بجے سے آئی جی آفس کے باہر آئی جی پنجاب سے ملاقات کے لئے بیٹھا تھا۔ سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے آئی جی پنجاب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہوگیا۔ زخمی سائل اصغر سہیل اور زخمی اہلکار حمید کوطبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اے آئی جی ایڈمن کو ہسپتال میں زیرعلاج متاثرہ شہری اصغر کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا حکم دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو متاثرہ شخص کا مسئلہ ذاتی نگرانی میں حل کروانے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ واقعہ میں جھلسنے والے ایلیٹ پولیس اہلکار حمید کو بھی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔