لاہور (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے وزیراعظم کی اوقات 31مئی کو پٹرول کی قیمت کے تعین کے موقع پر واضح ہوگئی۔ خیرات کی سیٹیں قبول کریں گے تو کوئی کریڈیبیلٹی نہیں ہوگی، سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ کے حامی ہیں، جماعت اسلامی خود میزبانی کو تیار ہے، پہلے قبضہ گروپ قبضہ چھوڑیں، نواز شریف کو جعلی ووٹ پڑے۔ ن لیگ، پی پی نے عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا، ایم کیو ایم کو ایک لاکھ ووٹ نہیں پڑے، پھر کہتا ہوں فارم 47 کی جعلی حکومت نہیں چلی سکتی، ریاست کا مطلب عوام ہے، انہیں حق دیا جائے، نوجوانوں کی آواز دبائی نہیں جاسکتی، جتنا دبائیں گے ملک کا نقصان ہوگا، الیکشن دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمشن بنے۔ بہتری کا راستہ یہی ہے سب اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جائیں۔ حکمران بیرون ملک جاکر سرمایہ کاری کی اپیلیں کرتے ہیں، خود ملک کی دولت لوٹ کر باہر بھیجتے ہیں، دبئی لیکس کی منی ٹریل دی جائے، سپریم کورٹ کو خط لکھیں گے۔ کسانوں سے جھوٹ بولا گیا، چچا نے اعلان کیا گندم خریدیں گے، بھتیجی نے انکار کیا، کہا سبسڈی دیں گے، اب سبسڈی سے بات قرضوں پر چلی گئی، گندم درآمد سکینڈل کو دبا دیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں سٹریٹ کرائم میں خوفناک اضافہ اور نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ پر گہرے غم کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبے کی 16 برسوں سے حکمران جماعت پیپلز پارٹی، 40 برسوں سے ہر حکومت میں شامل رہنے والی اور کراچی کو بھتہ، تاوان اور بوری بند لاشوں کا کلچر دینے والی ایم کیو ایم اور ان کی فاق میں اتحادی ن لیگ شہر میں جاری کرائم کی براہ راست ذمہ دار ہیں۔ بھارت کے الیکشن تنائج کے تناظر میں بات کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر پر موقف مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر پر سودے بازی کے حوالے سے لمبے عرصے سے باتیں چل رہی ہیں، جنرل باجودہ کا نام لیا جاتا ہے، وہ اور دفتر خارجہ اس حوالے سے قوم کو وضاحت دے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے الیکشن نتائج مودی کے مسلمان اور اقلیت دشمن نظریہ کی شکست ہیں۔
ریاست کا مطلب عوام، قبضہ گروپ قبضہ چھوڑے، جوڈیشل کمشن بنایا جائے: حافظ نعیم
Jun 07, 2024