اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور وزیر تجارت جام کمال خان نے بیجنگ میں چیئرمین چائنیز گروپ آف کمپنیز لی کوانگ سے ملاقات میں اس عزم کا اظہارکیا ہے کہ ملکی و غیر ملکی انویسٹرز کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے،اسی طرح پاکستان میں چین سے سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات اور سہولتیں بھی دی جائیں گی جن میں سپیشل اکنامک زون، بندرگاہوں پر زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور بینکوں سمیت امپورٹ اور ایکسپورٹ کے لئے خصوصی پیکج شامل ہیں۔و فاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے چین کے سروس گروپ سے جوائنٹ ایڈوینچر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اْن کی وزارت بورڈ آف انویسٹمنٹ میں ایز آف ڈوئنگ بزنس اور "ون سٹاپ شاپ"جیسے منفرد فیچر متعارف کروا رہے ہیں جبکہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے پاکستان بزنس پورٹل پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل غیر ضروری رکاوٹیں ختم اور آن لائن سہولتوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس سے سرمایہ لگانے والوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو گی اور انہیں کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام مکمل کرنے کا موقع ملے گا۔ وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے جمعرات کے روز بھی بیجنگ میں مصروف دن گزارا اور وہاں پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے چینی بزنس گروپس سے ملاقاتیں کیں۔وفاقی وزیر کامرس جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان چین سے دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کا خواہاں ہے اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے کامیاب دورہ چین سے اس حوالے سے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے بھی بریفنگ میں حصہ لیا۔
ملکی و غیر ملکی انویسٹرز کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کو آسان بنایا جا رہا ،وفاقی وزراء
Jun 07, 2024