وفاقی بجٹ کےحوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمانی نمائندوں کا اجلاس ہوا .جس میں ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،ممبران قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری،سید نوید قمر، اعجاز حسین جاکھرانی ، ملک عامر ڈوگر، سید امین الحق، نور عالم خان، علی محمد خان ، خالد حسین مگسی، شاہدہ اختر علی اور سید حفیظ الدین نے شرکت کی۔اجلاس میں یہ طے پایا کہ نئے مالی سال کا بجٹ 12 جون کو پیش ہو گا،قومی اسمبلی 28 جون کو منظوری دیگی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا کام بھی جلد مکمل کیا جائیگایہ بھی طے پا یا کہ صدر کے خطاب پر بحث آج مکمل کر لی جائیگی۔اجلاس میں بجٹ کے متوقع شیڈول کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا . صدر کے خطاب پر پیش کردہ شکریہ کی تحریک پر بحث 7 جون کو جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔متوقع شیڈول کے مطابق مالی سال 2024-25کا بجٹ 12 جون 2024کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائیگا اجلاس میں 13 سے 19 جون تک وقفہ کیا جائیگا،قومی اسمبلی کا اجلاس 20 جون کو وقفے کے بعد دو بارہ شروع ہو گا۔بجٹ پر عمومی بحث کیلئے 20 سے 24جون تک کی تاریخ مختص کی گئی ہے.کٹوتی کی تحاریک پر بحث 26 اور 27 جون کو ہو گی.فنانس بل پر بحث اور منظوری کے حوالے سے 28جون کی تاریخ مختص کی گئی ہے،قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 29جون تک جاری رہے گا۔
وفاقی بجٹ:حکومت اور اپوزیشن میں معاملات طے پاگئے
Jun 07, 2024 | 18:33