ادارہ شماریات نے رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافے سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 45 فیصد اضافہ ہوا ہے، یوں سالانہ شرح 21 اعشاریہ 69 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء مہنگی اور 14 کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
رواں ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت 33 روپے 39 پیسے، ٹماٹر فی کلو 10 روپے 6 پیسے اور کیلے فی درجن 7 روپے 26 پیسے مہنگے ہو گئے۔
آلو کی فی کلو قیمت 2 روپے 36 پیسے اور چکن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 91 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ مصالحہ جات، گڑ، سگریٹ، دال ماش بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
رواں ہفتے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ ڈبل روٹی کی قیمت 3 روپے 5 پیسے، انڈے فی درجن 2 روپے 27 پیسے، چاول، چلی پاؤڈر، خشک دودھ، چینی، دال مونگ بھی سستی ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے گائے کا گوشت، دہی، چائے کی پتی سمیت 18 اشیا کے دام مستحکم رہے۔