پاکستان کی ترقی کیلیے مثال قائم کرنے کو تیار ہیں: چینی صدر کا عزم

Jun 07, 2024 | 23:35

ویب ڈیسک

بیجنگ: وزیر اعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ طویل ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اپ گریڈیشن اور دوسرے مرحلے میں منصوبوں کو بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے چین میں پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کی توثیق اور مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا۔ملاقات میں سیاسی، سکیورٹی، اقتصادی اور تجارتی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ کے عزم کا اظہار اور علاقائی و عالمی امور بشمول افغانستان، مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ چینی صدر چی جن پنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کیلیے مثال قائم کرنے کو تیار ہیں، تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل المدتی نظر سے دیکھتے ہیں، بھائیوں کی طرح خوشحالی اور پریشانی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بی آر آئی کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر سی پی ای سی نے نمایاں کردار ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق رائے کا اعادہ کیا اور سی پیک کی اپ گریڈیشن اور دوسرے مرحلے میں منصوبوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔

مزیدخبریں