جنیوا میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لیفروف کے ہمراہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہاکہ روس اورامریکہ تخفیف اسلحہ کے معاہدے کی تجدید کے لیے متفق ہو گئے ہیں، تخفیف اسلحہ کے نئے معاہدے پردستخط کرنا باراک اوباما انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کیلئے باہمی اعتماد میں اضافے کی ضرورت ہے، ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ہلیری کلنٹن نے کہاکہ ایران کے خلاف یکطرفہ اور کثیر الجہتی پابندیاں جاری رہنی چاہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرخارجہ سرگئی لیفروف نے کہا کہ روس اورامریکہ باہمی تنازعات کے خاتمے کیلئے ایمانداری، وسیع القلبی اور دوستانہ ماحول میں کام کریں گے جبکہ دونوں کا میزائل دفاعی پروگرام پرایک جیسا نقطہ نظر بھی ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس افغانستان کے مسئلے پر امریکہ کی جانب سے بلائی جانے والی کانفرنس میں بھر پور تعاون کرے گا۔