واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ کے سابق ڈپٹی وزیر خارجہ اور سینئر ڈپلومیٹ جان نیگروپوئنٹے نے کہا ہے کہ چین کو گروپ آف ایٹ (G-8) میں شامل نہ کرنا زیادتی ہے امریکہ کی طرف سے چین کی مخالفت کے باوجود گروپ ایٹ میں توسیع کر کے چین کو امیر اقوام کے کلب میں شامل کرنا چاہئے۔ نیگروپوئنٹے جو جنوری 2009 ءتک امریکہ کے ڈپٹی وزیر خارجہ اور بش کیبنٹ کے رکن رہے ہیں اور جنہوں نے گزشتہ برس گروپ 8 میں توسیع کے لئے فرانس کی کئی دفعہ پیش کی گئی تجاویز کو مسترد کر دیا تھا کہ چین کو گروپ 8 میں شامل کرنے کے لئے اس میں توسیع کی جائے۔ نیگروپوئنٹے نے کہا کہ ہم اب تک خارجہ پالیسی میں یورو سینٹک پالیسی کے پابند رہے ہیں ۔ جان نیگروپوئنٹے جو کہ آج کل پرائیویٹ سیکٹر کے لئے کام کر رہے ہیں نے ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اس وقت دنیا کی تیسری سب سے بڑی معاشی قوت ہے اور جلد ہی دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی قوت بن جائے گا۔ ادھر گروپ آف ایٹ میں شامل ممالک برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، روس اور امریکہ ہیں ۔ برطانیہ فرانس اور کرنٹ جی 8 ممالک جن کی صدارت اٹلی کے پاس ہے نے کلب میں توسیع کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ابھرتی ہوئی معاشی قوتوں میں چین اور بھارت شامل ہیں انہیں گروپ میں توسیع کرتے ہوئے شامل کرنا چاہئے۔