الیکشن کمیشن نےانتخابی عملے پرتھپڑ مارنیوالی وحیدہ شاہ کودوسال کیلئے نااہل قراردیدیا،پی ایس ترپن ٹنڈومحمد خان میں ضمنی انتخابات دوبارہ ہوں گے

ضمنی انتخابات کے دوران سندھ کے حلقہ پی ایس تریپن ٹنڈو محمد خان میں پیپلز پارٹی کی خاتون امیدوار برائے صوبائی اسمبلی وحیدہ شاہ کی جانب سے خاتون افسر حبیبہ پر تشدد مہنگا پڑ گیا۔ الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وحیدہ شاہ کو دو سال کیلئے نا اہل جبکہ پی ایس تریپن ٹنڈو محمد خان میں ضمنی انتخابات کو بھی کالعدم قرار دے دیا ہے ۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وحیدہ شاہ چھ مارچ دو ہزار چودہ تک کسی بھی انتخاب میں حصہ نہیں لے سکتیں ۔ کمیشن نے ضمنی انتخابات کے نتائج کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ایس تریپن ٹنڈو محمد خان میں جلد سے جلد ضمنی انتخابات کروانے کی ہدایات کی ہیں ۔ واقعے میں خاموش نماشائی بننے والے ڈی ایس پی کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ معطل ہونے والے پولیس اہلکار کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور کارروائی سے الیکشن کمیشن کو آگاہ بھی کیا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ دوران انتخابات پولیس کو پولنگ اسٹیشن میں جانے کی اجازت نہیں ہوتی ۔ کمیشن کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ حامد علی مرزا کر رہے تھے جبکہ دیگر ممبران میں پنجاب سے جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی، سندھ سے جسٹس ریٹائرڈ روشن عیئسانی، بلوچستان سے جسٹس ریٹائرڈ فضل الرحمان اور خیبرپختونخواہ سے جسٹس ریٹائرڈ شہزاد اکبر شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن