کراچی اسٹاک مارکیٹ ہفتے کے تیسرے روزمندی کی لپیٹ میں آگئی ہنڈریڈ انڈیکس تیرہ ہزار تین سو پوائنٹس کی سطح سے گر گیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی ہوا لیکن آغاز کے بعد مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ ٹریڈنگ کے دوران جہانگیر صدیقی ، لوٹ پی ٹی اے اور نیشنل بینک میں تیزی نے انڈیکس کو تیرہ ہزار تین سو نوے پوائنٹس کی سطح تک پہنچنے میں مدد دی۔ کاروبار کے آغاز کی تیزی اختتام تک برقرار نہ رہ سکی، انرجی سیکٹر میں شئیرز کی زبردست فروخت مارکیٹ کو نہ صرف مندی میں لے گئی بلکہ انڈیکس تیرہ ہزار تین سو پوائنٹس کی سطح سے بھی گر گیا۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس اناسی پوائنٹس کمی کے بعد تیرہ ہزار دو سو پینتالیس پوائنٹس پر بند ہوا۔ سرمایہ کاروں کی چھوٹے شئیرز میں زبردست خریداری اور پرافٹ ٹیکنگ کے رجحان نے کاروباری حجم کو گزشتہ روز کے مقابلے میں چھ کروڑ شئیرزبڑھادیا۔ مجموعی حجم اکتیس کروڑ اکیاسی لاکھ شئیرز رہا حجم کے اعتبار سے فوجی سیمنٹ اور جہانگیر صدیقی میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔
دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں آج تیزی کا رجحان رہا۔ ایل ایس پچیس انڈیکس اٹھارہ پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ تین ہزار پانچ سو پچاس پربند ہوا۔ مارکیٹ میں ایک سو پندرہ کمپنیوں کے چورانوے لاکھ پینتیس ہزارچھ سوآٹھ حصص کا کاروبارہوا۔ پینتیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ،ستایئس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ تریپن کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔

ای پیپر دی نیشن