واشنگٹن /پورٹ لینڈ(آئی این پی ) لاہور میں دھماکہ کرنے والوں کی مالی معاونت کے جرم میں پاکستانی نژاد اور امریکی ریاض قادرخان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ بدھ کو عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست پورٹ لینڈ کے شہر اوریگن میں ریاض قادر پر فرد جرم عائد کی گئی ہے کہ اس نے مالدیپ کے ایک شہری علی جلیل کی مالی معاونت کی تھی۔ یاد رہے کہ ستائیس مئی 2009 کو لاہور میں انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر میں دھماکے کے نتیجے میں تیس افراد ہلاک اور تین سو سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔فرد جرم کے مطابق ریاض قادر نے ای میل اور دیگر افراد کے ذریعے مالدیپ کے شہری علی جلیل اور ان کے خاندان کی مالی معانت کی تھی۔ اس مالی مدد سے علی جلیل نے انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر حملے کے لئے ٹریننگ کیمپ میں تربیت حاصل کی۔فرد جرم کے مطابق اس حملے کی منصوبہ بندی دسمبر 2005 میں شروع کی گئی۔اس کے علاوہ ریاض قادر نے علی جلیل کے سفر میں بھی مدد کی۔ ریاض قادر نے دھماکے میں علی جلیل کی موت کے بعد بھی اس کے خاندان والوں کی مالی مدد کی۔