واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ کے آنجہانی خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک پاکستان کی تیز تر اقتصادی ترقی کے لئے 50 ارب ڈالرز کی امداد کی فراہمی کے خواہاں تھے۔ یہ باتیں امریکی محکمہ خارجہ میں آنجہانی ہالبروک کے مشیر ویلی نصر نے اپنی کتاب ”امریکی خارجہ پالیسی میں پسپائی‘ ناگزیر قوم “ میں لکھی ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں بارک اوباما کی پہلے دور حکومت کی انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کے معاملات کو نمٹانے کے انداز کا تنقیدی جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہالبروک پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے دراصل بڑے پیمانے پر پاکستان کی مالی امداد کرنا چاہتے تھے ۔ ٹوکیو کانفرنس میں 5 ارب کے اعلانات کے بعد ایک صحافی کے 5 ارب کی امداد کافی ہونے بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے رچرڈ ہالبروک نے کہا تھا کہ پاکستان کو 5 ارب ڈالر نہیں بلکہ 50 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے ویلی نصر نے کتاب میں بتایا ہے کہ امریکہ پاکستان پر رقومات خرچ کرنے کی بجائے افغانستان پر زیادہ تر رقومات خرچ کرتا رہا ۔ ہالبروک چاہتے تھے کہ امریکا زیادہ جارحانہ خارجہ پالیسی اپنائے اور امریکا کو پاکستان کے ساتھ امریکی تشویش کے صرف سیکورٹی معاملات پر نہیں بلکہ اقتصادی وسماجی مسائل پر بھی بات چیت کرنی چاہئے۔ اسی لئے ہالبروک نے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کو پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے پر مائل کیا۔
ہالبروک /خیال