اوکاڑہ (نامہ نگار) بے نظیر ورکر موومنٹ کی چیئرپرسن ناہید خان نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنوں کا اثاثہ ہے اور اس پر جعلی قیادت قابض ہے ہم پارٹی کو مفاد پرستوں سے نجات دلا کر مخلص کارکنوں کے حوالے کرینگے۔ عام انتخابات میں مفاد پرستوں کا ہر جگہ محاسبہ کیا جائے گا اور ان سے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ کے نظریاتی کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ ناہید خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عملاً پیپلز پارٹی کے منشور سے ہٹ کر نہ صرف ملک کو نقصان پہنچایا بلکہ پارٹی کی ساکھ کو بھی تباہ کر کے رکھ دیا جو کام بڑے سے بڑے آمر بھی تمام تر مظالم کے باوجود نہ کر سکا وہ موجودہ قیادت نے کر دکھایا جس کی وجہ سے پارٹی کا گراف روز بروز نیچے گرتا چلا گیا، اب وقت آ گیا ہے کہ کارکن اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے اس کی قیادت خود اپنے ہاتھوں میں سنبھال لیں اور اسے مفاد پرستوں کے نرغے سے آزاد کروا کر ایک بار پھر عوامی جماعت بنا دیں تاکہ بھٹو ازم کے خواب کو پورا کیا جا سکے جس کی خاطر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان کے حالات پر دل خون کے آنسو روتا ہے مگر حکمران ٹس سے مس نہیں ہوتے انہیں صرف اپنی سیٹوں کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ حکمران عوام کی عدالت کا سامنا کرینگے تو ان کے دامن پر لگا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا لہو پکار پکار کر پوچھے گا کہ تم نے میرے قاتلوں کا کیا کیا۔ انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجنے کی بجائے اقتدار کی مسند پر بٹھا دیا گیا۔