مسجد اقصیٰ میں قرآن پاک کی بےحرمتی اور فلسطینی خواتین پر حملہ دہشتگردی ہے: او آئی سی

مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) مسجد اقصیٰ میں قرآن پاک کی بیحرمتی اور فلسطینی خواتین پر حملہ مجرمانہ دہشتگردی ہے۔ یہ اقدام مقدس مقامات کی بے حرمتی اور عبادت کی آزادی پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی اور اسلامی تنظیم برائے تربیت و علوم و ثقافت ایسیسکو نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسان اوگلو نے مسجد اقصیٰ کے صحن میں اسرائیلی فوج کی دخل اندازی اور وہاں درس کےلئے موجود فلسطینی خواتین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کےلئے اسرائیلی پولیس کے ایک افسر کی جانب سے قرآن پاک کی بیحرمتی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ اوغلو نے کہا کہ یہ بھیانک ظلم ہے۔ انہوں نے القدس میں ایسے المناک واقعات کے خطرناک نتائج کا ذمہ دار اسرائیلی حکام کو ٹھہرایا۔ اوغلو نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل اس قسم کے جارحانہ اقدامات میں شدت جان بوجھ کر پیدا کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد القدس میں منظم اشتعال انگیزی پھیلانا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ القدس میں اسلامی اور عیسائی مقامات مقدسہ کےخلاف اسرائیلی افواج کی مسلسل خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے فوری اقدام کرے۔ دوسری طرف ایسیسکو نے اعلامیے جاری کر کے توجہ دلائی کہ اسرائیلی پولیس کا مذکورہ عمل مجرمانہ دہشتگردی ہے۔ ایسیسکو کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے مسلسل جارحانہ اقدامات کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کریں۔ یونیسکو اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اسرائیلی حکام کو بین الاقوامی قانون کے تقاضے پورے کرنے پر مجبور کریں۔ 

ای پیپر دی نیشن