مسلم لیگ نون کےصدرمیاں نوازشریف نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کا منشورپڑھ کر سنایا۔ منشور میں مضبوط معیشت، مضبوط پاکستان، ہم بدلیں گے پاکستان کا سلوگن دیا گیا ہے۔ منشور کے نکات میں زرعی ترقی، جدید انفراسٹرکچر، منصفانہ احتساب، امن و امان اور گڈ گورننس شامل ہیں۔ بجٹ خسارہ اورافراط زرکی شرح میں کمی، بلدیاتی انتخابات، ہزارہ، بہاولپوراورجنوبی پنجاب سمیت تین نئے صوبے بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ منشور میں قومی دفاع کیلئے پاک فوج کی ضروریات پوری کرنے، گیس کی پیداوار میں اضافے تک سی این جی اسٹیشنز پر پابندی اور ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ نہ کرنا بھی شامل ہے۔ ن لیگ کے منشورترجیحات میں سندھ میںپانچ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے بجلی گھر اور پاکستان بزنس اینڈ اکنامک کونسل کا قیام بھی ہے۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ منشور تیار کرتے وقت مسائل اور وسائل کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ عوام سے ایسا کوئی وعدہ نہیں کیا جو پورا نہ کرسکیں، انہوںنے کہا کہ عوام نے اقتدار میں آنے کا موقع دیا تو چھ ماہ کے اندر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، جامع منصوبہ بندی کرکے دو سال میں توانائی کا بحران ختم کرینگے، مزدور کی تنخواہ کم سے کم پندرہ ہزار کی جائے گی، میاں نواز شریف نے مزید کہا کہ ملک کا برا حال ہے پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہے،کرپشن اور لوٹ مار نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا، اس موقع پر وزیراعلٰی پنجاب شہبازشریف،اقبال ظفرجھگڑا، ہمایوں اخترخان، سینیٹرپرویزرشید ، سرتاج رشید اور ماروی میمن سمیت دیگر رہنمابھی موجود تھے۔
آئندہ عام الیکشن کیلئے مسلم لیگ نون نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا۔ توانائی بحران کا خاتمہ، کرپشن اور لوٹ مار کا سدباب، تعلیمی اصلاحات، انصاف کی فراہمی اور روزگارکےمواقع ن لیگ کی ترجیح ہونگے۔
Mar 07, 2013 | 18:35