لاہور ( انٹرویو ۔ عدنان فاروق) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے پاکستان کے میچ جیتنے پر خوشی کا اظہار کرنے کے جرم میں کشمیری طلباء پر بدترین تشدد سے بھارت کا ظالمانہ چہرہ ایک بار پھر کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے، ایسی مذموم حرکتوں سے تحریک آزادی میں اور زیادہ تیزی آئے گی، مظلوم کشمیریوں کا جرم صرف یہ ہے وہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور بھارتی مظالم سے نجات حاصل کر کے پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں، مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اس مسئلہ پر پوری قوت سے آواز بلند کرنی چاہئے، پوری پاکستانی قوم کشمیری طلباء کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہے، پوری پاکستانی قوم اس پر سراپا احتجاج ہے اور اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی، تحریک آزادی اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی، وزارت خارجہ کی جانب سے متاثرہ کشمیری طلباء کو پاکستانی یونیورسٹیوں میں داخلہ کی دعوت دینا نہایت قابل تحسین اقدام ہے۔ نوائے وقت سے انٹرویو میں حافظ سعید نے کہا بھارت سرکار کشمیری طلباء پر تشدد جیسے ہتھکنڈے اختیار کر کے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتی، ایسے واقعات سے کشمیریوں کے درمیان اتحاد مزید پختہ ہو گا۔ ہم اس مسئلہ پر پورے ملک میں احتجاج کریں گے، حالات کا تقاضا ہے پاکستان کشمیریوں کے وکیل ہونے کا حق ادا کر ے اور ہماری وزارت خارجہ کو خصوصی طور پر اہمیت دیکر پوری دنیا میں اس حقیقت کا اجاگر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا جس طرح کشمیری طلباء پر تشدد کے مسئلہ پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے اسی طرح مسئلہ کشمیر کو حق اور انصاف کی بنیادوں پر پوری دنیاکے سامنے اٹھانا چاہئے اور بھارت سرکار کی ریاستی دہشت گردی کو کھل کر بے نقاب کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کشمیری طلباء جو بھی تعاون چاہتے ہیں پوری پاکستانی قوم ان مظلوم طلباء کے ساتھ ہے۔ جماعۃ الدعوۃ ملک بھر کی جماعتوں سے رابطے کر کے اس مسئلہ کو اور آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے کہا بھارت سرکار کی ایسی حرکتوں سے یہ بات بھی کھل کر دنیا پر واضح ہو گئی ہے کہ بھارت پاکستان کے میچ جیتنے کی خوشی میں کشمیریوں کو اپنے جذبات کا اظہار کرنے کی آزادی نہیں دیتا وہ انہیں سیاسی حقوق کیسے دے گا؟
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے پاکستان کی جیت کی خوشی منانے والے کشمیری طلبا کو بھارت کی یونیورسٹی سے خارج کرنے اور ان پر بغاوت کے مقدمات قائم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی پاکستان دشمنی کا کھلا ثبوت قرار دیا ہے ایک طرف بھارت کی پاکستان دشمنی کا یہ عالم ہے اور دوسری طرف موجودہ حکمران بھارت سے دوستی اور اسے تجارت کے لئے انتہائی پسندیدہ ملک قرار دینے کے لئے بے چین ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اور سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کو عدم استحکام اور انتشار کا شکار کرنے کیلئے بھارت اپنے مکروہ ایجنڈے پر کاربند ہے۔ تخریب کاری کے درجنوں واقعات کے پیچھے بھارتی نیٹ ورک کی موجودگی کے تمام ثبوت قومی سلامتی کے اداروں کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہا امریکی بلیک واٹر کے کارندے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں مقیم ہیں۔