اسلام آباد (وقت نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد کچہری حملے میں زخمی ایڈووکیٹ مقصود ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 12ہو گئی۔ دوسری جانب فیکٹس اینڈ فائنڈنگ کمیٹی نے 12وکلاء 27 زخمیوں اور پندرہ سرکاری ملازمین کے بیانات ریکارڈ کر لئے۔ عینی شاہدین کے بیانات سے متعلق حملہ ناقص سکیورٹی کے باعث ہوا۔ ایک وکیل نے اپنے بیان میں کہا ایک حملہ آور کم عمر تھا اور اس کی داڑھی بھی نہیں تھی۔ وکلاء نے اپنے بیانات میں کہا کہ حملہ آوروں نے وکلاء اور ججوں کو ٹارگٹ کیا۔ ان کی تعداد چار سے پانچ تھی۔ اس دوران ایک وکیل نے بیان دیا دو حملہ آوروں کی داڑھی تھی تاہم باقی حملہ آوروں کی شکل نہیں دیکھ سکا۔ وکلاء نے مجموعی طور پر ایک بیان کی تائید کی کہ ایف ایٹ کچہری میں دہشت گردوں کا حملہ ناقص سکیورٹی کے باعث ہوا۔ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ پولیس کی جانب سے ایک بھی گولی نہیں چلائی گئی۔ پولیس اہلکاروں کے مطابق ہم نے دہشتگردوں کا ہر ممکن مقابلہ کیا۔