اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ میں نئی روایت ، حج کرپشن کیس میں مبینہ طور پر ملوث سابق ڈی جی رائو شکیل کی جانب سے عدالتی ریمارکس کیخلاف دائر نظرثانی کی درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیئے‘ جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں 9 رکنی بنچ نے جمعرات کو درخواست کی سماعت کی۔ اس دوران رائو شکیل کی جانب سے سید علی ظفر ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عدالت نے حج کرپشن کیس میں آبزرویشن دی ہے کہ رائو شکیل نے بدعنوانی کی ہے۔ ملزم کا ٹرائل چل رہا ہے اور عدالت کی اس آبزرویشن سے ان کا ٹرائل متاثر ہوگا اور یہ 10 اے کی خلاف ورزی ہوگی اس پر عدالت نے درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے دلائل دینے کی اجازت دے دی۔ عدالت 13 مارچ کو ڈپٹی اٹارنی جنرل اور درخواست گزار وکیل کے دلائل سن کر فیصلہ دے گی۔