لاہور (نامہ نگار+ اپنے نامہ نگار سے+ نوائے وقت رپورٹ) جوہر ٹاؤن کے علاقہ میں دو بچوں کو قتل کرنے والی سفاک ماں نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس کا شوہر اور سسرال والے اسے جسم فروشی پر مجبور کرتے تھے اور اسی غرض سے اسے زبردستی دبئی بھیجنا چاہتے تھے۔ اس کا شوہر اور سسرال والے خواتین سے جسم فروشی کا کام کرانے والے گھناؤنے دھندوں میں ملوث ہیں جبکہ دونوں بچوں کو پیدائش سے قبل اسقاط حمل کے ذریعے ضائع کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق شوہر کے رویے سے تنگ آکر بسمہ نیند کی گولیاں کھانے کی عادی ہو چکی ہے جبکہ سسرال میں بیٹی کے ساتھ ناروا سلوک پر دلبرداشتہ ہوکر بسمہ کی والدہ نے ایک برس قبل خودکشی کرلی تھی۔ دریں اثناء معصوم بچوں کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ مقتولیں کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ بسمہ اپنے بچوں کو یاد کرکے تھوڑی تھوڑی دیر بعد دھاڑیں مار کر رونے لگتی ہے اور اپنے بچوں کی قبروں پر لے جانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ بسمہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو مار کر اس نے بہت بڑا ظلم کیا اس سے بہتر تھا کہ شوہر کو مار دے دیتی۔ مزید براں اپنے بچوں کو قتل کرنے کے مقدمہ میں گرفتار میاں بیوی بسمہ بی بی اور سنی خان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ جاری کرکے انہیں تھانہ جوہر ٹاؤن پولیس کے حوالے کرتے ہوئے8 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ ملزمان کو گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مصطفی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے اس موقع پر ملزموں کو پیش کرکے عدالت سے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ جاری کرنے کی استدعا کی تاہم فاضل عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ جاری کیا۔ مزید برآں نوائے و قت رپورٹ کے مطابق دو شیرخوار بچوں کی جان لینے والی ماں رات بھر تھانے میں تڑپتی رہی۔ صبح عدالت میں قتل کا اعتراف کر لیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے بسمہ کو دو روز کیلئے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جوڈیشل مجسٹریٹ نے بسمہ سے سوال کیا کہ تمہارے ناک پر زخم کا نشان کیوں؟ ملزمہ بسمہ نے کہا کہ بچوں کو قتل کرنے پر باپ اور بھائی نے تشدد کیا دوسرا سوال کیا گیا کہ تمہارے بچوں کا قاتل کون ہے؟ ملزمہ نے اعتراف جرم کیا کہ میں خود قاتل ہوں۔ بچوں کو بھوک سے تڑپتے نہ دیکھا گیا اور مار دیا۔ ایک کو پانی میں ڈبویا دوسرے کا گلا گھونٹ دیا۔ بیان کے بعد مجسٹریٹ نے ملزمہ اور اس کے خاوند کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بسمہ کا نکھٹو شوہر کمائی کے لئے اس پر دبئی جانے کا دباؤ ڈالتا رہا۔ بسمہ کے والد نے بتایا کہ سنی اپنی بیوی کو بلیک میل کرتا تھا بسمہ سے کہا کہ کسی گروپ کے ساتھ دبئی چلی جائے سنی کے ماموں نے الزام لگایا کہ بسمہ کے میکے والے منشیات کا کاروبار کرتے ہیں سنی کو نشے کی عادت بھی انہوں نے ڈالی۔
شوہر اور سسرال والے جسم فروشی کیلئے دبئی بھیجنا چاہتے تھے، قاتل ماں
Mar 07, 2014