کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ایک طرف کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم سانحہ بلدیہ میں ملوث ہے، پھر ان کے ساتھ بیٹھتے بھی ہیں اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔ یہ کیسی سیاست ہے۔ یہ سیاست نہیں منافقت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ملیر میں پیپلز پارٹی کے رہنما عبداللہ مراد کی گیارہویں برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں میں جاتا ہوں وہاں سے وزیر چلے جاتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ مقتول کی تعزیت کرو قاتل کا نام نہ لو۔ میں قاتل کا نام بھی لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ رحمان ملک کی سیاست اور فارمولے سمجھ میں نہیں آتے۔ کراچی میں خون کی ندیاں بہانے والے کبھی ہمارے اتحادی تو کبھی ہمارے دشمن بن کر سامنے کھڑے ہوجاتے ہیں، ہمارے حصے میں صرف برسیاں ہیں، ایک شہید کی برسی ختم ہوتی ہے تو دوسرے کی شروع ہوجاتی ہے، لیکن برسیاں منانے کے اسباب پیدا کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے بجائے ہمارا حکمران بنا کر کرسیوں پر بٹھا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم بلدیہ فیکٹری میں 250انسانوں کو جلا کر مارنے والے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں تو یہی اتحادی شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔