لندن (بی بی سی اردو) ایک حالیہ امریکی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ (داعش) کے حامی اکاؤنٹس کی تعداد کم ازکم 46 ہزار ہے۔ امریکی تھنک ٹینک بروکنگ انسٹی ٹیوٹ کی معاونت سے یہ رپورٹ 2014 کے آخری تین ماہ میں مرتب کی گئی۔ دولت اسلامیہ کے حامی عمومی طور پر شام اور عراق کی حدود میں ہی بستے ہیں۔ان میں سے 75 فیصد ایسے ہیں جو ٹوئٹر پر پیغام لکھتے ہوئے عربی زبان استعمال کرتے ہیں۔ ان اکاؤنٹس میں ہر پانچ میں سے ایک اکاؤنٹ پر انگریزی زبان استعمال ہو رہی ہے۔ یاد رہے کہ اپنے نظریات کی ترویج کے لیے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے استعمال کرتی ہے۔ اس امریکی رپورٹ کو’ آئی ایس آئی ایس مردم شماری‘ کا نام دیا گیا ہے۔ 46ہزار حامی اکاؤنٹس کے فالوورز کی اوسط تعداد 1000 کے قریب تھی۔