لاہور (نیوز رپورٹر ) کسان بورڈ کے صدر صادق خاں خاکوانی نے کہا کہ دھان،کپاس ،گنے اور آلو کے کاشتکاروں کو انکی اجناس کی کم قیمتیں دینے والے مل مالکان" مالی دہشت گرد "ہیں۔اجناس کی کم قیمتیں ملنے کی وجہ سے زرعی معیشت تباہ ہو چکی ہے اوراگر حکومت نے کسانوںکو بلاسود قرضے فراہم کرکے زرعی معیشت کو سہارا نہ دیا تو ملک میں زراعت کی تباہی یقینی ہے۔کسان بورڈ نے کسانوں کے مطالبات منوانے اور انہیں بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے ملک گیر تحریک شروع کر رکھی ہے اور اس سلسلے میںجماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے خود کسانوں کے پاس جاکر انکے مسائل سننے،انہیں حل کرانے اور کسانوں سمیت تمام قرضہ جات کو اسلامی طریقے کے مطابق سود سے پاک کرنے کی کسان بورڈ کی مہم میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔
کاشتکاروں کو ادائیگیاں نہ کرنیوالے ”مالی دہشت گرد“ ہیں: کسان بورڈ
Mar 07, 2015