کراچی/لاہور/ پشاور/ کوئٹہ (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور، پشاور، نوشکی اور کراچی میں گزشتہ روز سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت 184 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن دہشت گردوں کی شہر میں اطلاع کے بعد کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے جن افراد کو حراست میں لیا ہے، ان میں اکثریت افغان باشندوں اور پٹھانوں کی ہے۔ علاوہ ازیں پشاور پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران 8 افغان باشندوں سمیت 100 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ کوہاٹ میں 5 لاکھ سر کی قیمت والا دہشت گرد گرفتار۔ پولیس کے مطابق مشترکہ سرچ آپریشن پشاور کے پوش علاقوں حیات آباد اور فقیر آباد کے 150 گھروں میں کیا گیا۔ مشتبہ افراد کے قبضے سے چار پستول اور سینکڑوں کارتوس بھی برآمد ہوئے۔ ادھر محکمہ انسداد دہشت گردی نے کوہاٹ میں کارروائی کر کے دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم اقبال حسین کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔ این این آئی کے مطابق پولیس نے کراچی میں مختلف کارروائیوں کے دوران 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا۔ گزری پی این ٹی کالونی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کر کے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ اس سے پہلے پاکستان بازارمیں پولیس نے مختلف مقامات پرچھاپے مارکر6 افراد کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ادھر ایف سی نے نوشکی میں کارروائی کرتے ہوئے 56 افغان باشندے گرفتار کر لئے۔ ترجمان کے مطابق اوتھل میں مسافر کوچز سے 97 ہزار لٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ ڈیزل کراچی سمگل کیا جا رہا تھا۔