لاہور (آئی این پی) پیپلزپارٹی کے مر کزی سیکرٹری اطلاعات قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں ایم کیو ایم کے ’’را‘‘ کے متعلق ثبوت ہوتے تو ہم ضرور کارروائی کرتے‘ رحمن ملک الطاف حسین سے بطور اتحادی جماعت کے لیڈر سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں‘ مصطفی کمال کے انکشافات کی تحقیقات ہم نے نہیں وفاقی حکومت اور سکیورٹی اداروں نے کر نی ہے وہ ضرور کریں۔ اپنے ایک انٹرویو میں قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ رحمن ملک نے الطاف حسین سے جتنی بھی ملاقاتیں کیں وہ سب اوپن ہیں انکی کبھی بطور وزیر داخلہ الطاف حسین سے کسی قسم کی کوئی خفیہ ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال نے جو باتیں کیں وہ پہلے بھی مارکیٹ میں عام ہیں مگر کیونکہ یہ باتیں ایم کیو ایم کے ایک مرکزی رکن کر رہے ہیں اس لیے ان باتوں کی اہمیت پہلے سے کہیں زیاد ہ ہے اور حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آئین و قانون کے مطابق سارے معاملے کی تحقیقات کر ے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو بدنام کرنیوالوں کو ماضی میں بھی مایوسی ہوئی ہے اور آئندہ بھی انکو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔