انقرہ (اے پی پی+ بی بی سی) ایک روز تک بند رہنے کے بعد ترک اخبار زمان کا دفتر دوبارہ سے کھل گیا۔ عدالتی حکم نامے کے تحت حکومت کی جانب سے عملے کی تعیناتی کے بعد زمان کے ہیڈکوارٹر میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہو چکی ہیں۔ نیا اخبار جاری کیا گیا ہے۔ صدر رجب طیب اردگان پر کڑی تنقید کرنے والے اس اخبار کے دفتر پر گزشتہ روز حکام نے قبضہ کر لیا تھا۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ یہ کارروائی کس لئے کی گئی۔ اخبار زمان کے حکومتی تحویل میں لئے جانے کے دو دن بعد اس میں حکومت نواز مضامین شائع کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو حزب اختلاف کے زمان اخبار کو عدالت کی جانب سے ریاستی کنٹرول میں دئیے جانے کے بعد اب یہ انتظامیہ کے ماتحت ہے۔ ہفتہ کو اس کے سابق مالک کے ماتحت شائع ہونے والے آخری شمارے میں کہا گیا تھا کہ ترکی میں صحافت نے تاریک ترین دن دیکھ لئے ہیں۔