لاہور (خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ ملک کی تاریخ کا منفرد اور بے مثال منصوبہ ہے۔ میٹرو ریل پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے لاکھوں شہریوں کو عالمی معیار کی باوقار سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ اس عوامی منصوبے پر بلاجواز تنقید کرنے والے دراصل عوام کو سہولتوں کی فراہمی کی مخالفت کررہے ہیں۔ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو غریب عوام کی محرومیوں کا خاتمہ برداشت نہیں۔ میٹروبس سروس کے نظام پر تنقید کرنیوالوں کی زبانیں بھی منصوبے کی کامیابی پر بند ہوگئی ہیں اور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی مخالفت کرنیوالوں کی زبانیں بھی منصوبے کی تکمیل پر بند ہوجائیں گی۔ فلاح عامہ کے منصوبوں کے مخالفین نہیں چاہتے عوام خوشحال ہوں اور ملک ترقی کرے۔ مٹھی بھر عناصر عام آدمی کی ترقی کی مخالفت کرتے رہیں، ہم عوامی خدمت کا بے لوث سفر جاری رکھیں گے اور وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگوکرتے وزیر اعلی نے مزید کہا وسائل قوم کی امانت ہیں اور اسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے اور میٹرو بس سسٹم اور اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے وسائل عوام پر صرف کرنے کی اعلی مثالیں ہیں۔ میٹروبس سروس آج کامیابی کے سفر پر گامزن ہے جس کی گواہی روزانہ لاکھوں افراد میٹرو بسوں پر سفر کر کے خود دے رہے ہیں۔ بلاشبہ جدید میٹروبس سسٹم نے عوام کیلئے آمد و رفت میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔ اورنج لائن میٹروٹرین پنجاب حکومت کا عوام کیلئے ایک اور شاندار تحفہ ہے۔ جدید ذرائع نقل و حمل تیزرفتار ترقی کیلئے بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ اور ناقص پالیسیوں کے باعث ملک مسائل کی دلدل میں پھنستا چلا گیا اور سابق حکمرانوں نے عوام کو مسائل سے نکالنے کی بجائے اپنی لوٹ مار اورکرپشن کی وجہ سے ان کے مسائل میں اضافہ کیا۔ بدقسمتی سے دور آمریت میں کسی بھی ترقیاتی منصوبے کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا گیا اور دور آمریت میںپنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت نے ان کرپشن کے قبرستانوں کو ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی منصوبوں سمیت بڑے میگا پراجیکٹس تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں۔ ملک سے جہالت، غربت اوربے روزگاری کے اندھیرے دور کریں گے۔ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیںگے۔ مزید برآں شہباز شریف سے آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ این ایڈیمسن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک آسٹریلیا دو طرفہ معاشی و سماجی تعلقات کے فروغ ،زراعت، لائیوسٹاک، سکل ڈویلپمنٹ ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا- شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں تا ہم دونوں ملکوں کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں دونوں ملکوں کے مابین وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی و سماجی شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا- وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان خصوصا پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور پنجاب کے لائیوسٹاک اور زراعت سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں - زراعت ،لائیوسٹاک، سکل ڈویلپمنٹ اور تعلیم کے شعبوں میں آسٹریلیا سے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں- آسٹریلیا کی ہائی کمشنر نے کہا پنجاب میں شہباز شریف کے مختلف شعبوں میں اقدامات قابل تعریف ہیں- آسٹریلیا پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرے گا تاکہ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے - علاوہ ازیں شہباز شریف گذشتہ روز مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے شیخ روحیل اصغر کی رہائشگاہ ڈیفنس گئے اور رکن قومی اسمبلی کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔شہبازشریف سے سروس انڈسٹریز کے چوہدری احمد سعید نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا 2013ء کے مقابلے میں آج پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ‘ پرامن اور معاشی طور پر مستحکم ہے۔ اتحاد‘ اتفاق اور مشترکہ کاوشوں سے درپیش چیلنجز پر قابو پائیں گے۔