لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے امن و امان کے ممبران وزرائ، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، کمشنر لاہور ڈویژن، آئی جی، ڈپٹی کمشنر لاہور، سی سی پی او لاہور، ایم آئی اور آئی ایس ایس کے افسران کے ساتھ ماڈل ٹائون میں اجلاس منعقد کیا اور اس میں پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر شاندار اقدامات کے ساتھ ساتھ جہاں جہاں کمی پائی گئی اس کا بھی ذکر آیا اور اجلاس میں آئندہ کیلئے مزید بہتر انداز میں دہشت گردوں سے نمٹنے کی حکمت عملی اپنانے پر اتفاق رائے ہوا، شہباز شریف نے ایک ایک ادارے کے سربراہ کا نام لے کر بہترین کاوشوں کو سراہاجبکہ افسروں نے اس کامیابی کاکریڈٹ وزیراعظم ، وزیراعلیٰ کی لیڈر شپ کو دیا جنہوں نے فائنل کروانے کا ماہرانہ فیصلہ کیا۔ قبل ازیں شہباز شریف کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے پرامن طور پر فائنل کے انعقاد پر انہیں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی، وزیراعلیٰ نے جہاں وزیراعظم ، آرمی چیف، کور کمانڈر لاہور کے تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا، وہاں انہوں نے سیاسی مخالفین پر گرجنے برسنے کی بجائے انہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرنے کی تلقین کی، عمران خان اور آصف زرداری کے بیانات کے حوالے سے پے در پے سوالوں کے جواب پر بھی انہوں نے دھیا پن دکھایا۔ ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے میچ کے اختتام پر انعامات خود تقسیم کیوں نہیں کیے، آپ کے خطاب سے آپ کو سیاسی فائدہ پہنچتا تھا آپ نے وہ موقع کیوں کھویا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں شوبازی اور شعبدہ بازی پر یقین نہیں رکھتا حالانکہ میرے سیاسی مخالف مجھے ایسا کہتے ہیں ۔
مخالفین پرگرجنے برسنے کی بجائے شہباز شریف کی دہشت گردی کیخلاف تعاون کیلئے تلقین
Mar 07, 2017