سپاٹ فکسنگ کیس : شرجیل خان‘ خالد لطیف کیخلاف تحقیقات کیلئے تین رکنی ٹربیونل تشکیل

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ میں ملوث قومی کرکٹرز خالد لطیف اور شرجیل خان کے خلاف تحقیقات کیلئے ریٹائرڈ جج کی زیر سربراہی تین رکنی ٹریبونل تشکیل دے دیا گیا۔سپاٹ فکسنگ کے الزمات کی تحقیقات کے لئے 3 رکنی کمیشن میں سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم باری، سابق چیرمین پی سی بی توقیر ضیا اور جسٹس ریٹائرڈ اصغر حیدر شامل ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے قائم کردہ ٹریبونل آئندہ ہفتے سے شرجیل خان اور خالد لطیف پر لگنے والے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کرے گا۔گزشتہ ماہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ کے بعد شرجیل خان اور خالد لطیف پرسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے جس کے بعد انہیں فوری طور پر وطن واپس بھیج کر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کو معطل کر کے ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی تھیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بتایا کہ جسٹس حیدر کی زیر سربراہی قائم کیے گئے تین رکنی بینچ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین توقیر ضیا اور قومی ٹیم کے سابق کپتان و منیجر وسیم باری بھی شامل ہیں۔اگر دونوں کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب قرار پائے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے انسداد کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر ان پر تاحیات پابندی عائد کردی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن