لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز میں مصباح الحق کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کیا ہے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سرفراز کو سونپی گئی ہے۔پی سی بی نے سرفراز احمد کو دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے مصباح الحق کو آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز کیلئے کپتان برقرار رکھنے کی تصدیق کردی ہے۔مصباح الحق کا دورہ اسٹرےلےا کے بعد کہنا تھا کہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے دستیاب ہیں لیکن دورے کیلئے کپتان برقرر رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ پر منحصر ہے۔تاہم پی سی بی چیئرمین نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف کلین سوئپ سمیت مسلسل چھ شکستوں سے دوچار ہونے والے مصباح الحق پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے انہیں قیادت کے منصب پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔شہریار خان نے کہا کہ مصباح نے مجھے کہا تھا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے دستیاب ہیں اور میں سلیکشن کمیٹی تک یہ پیغام پہنچا دوں گا کہ مصباح ہی کپتان ہوں گے۔پاکستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز 26 مارچ سے چار ٹی20 میچز سے ہو گا جس کے بعد تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے لیکن محدود اوورز کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے مصباح ان دونوں سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے قومی سلیکٹرز جلد قومی سکواڈ کا اعلان کریں گے۔پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے دورے کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق دورے کے ممکنہ 25کھلاڑیوں کا کیمپ 12مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا۔چیف سلیکٹر انضمام الحق اور کوچ مکی آرتھر نے مشاورت کے بعد 25ناموں کا انتخاب کیا ہے سلیکشن کمیٹی پی ایس ایل میں متاثر کن پرفارمنس دے کر بہترین کھلاڑی ،بیٹسمین اور نمبر ون وکٹ کیپر کا اعزاز پانے والے کامران اکمل کے نام پر غور کررہی ہے۔سپاٹ فکسنگ کی وجہ سے معطل شرجیل خان کی جگہ احمد شہزاد کی قومی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے،سلیکشن کمیٹی نے فخرزمان،شاداب خان،آصف ذاکر،عثمان صلاح الدین ،حسان خان اور عثمان شنواری کے ناموں پر غورشروع کردیا ہے۔ پاکستان ٹیم کا دورہ ویسٹ انڈیز اس لحاظ سے بھی خاص اہمیت کا حامل ہے کہ ون ڈے سیریز میں کامیابی یا ناکامی گرین شرٹس کے براہ راست ورلڈ کپ 2019ءکیلئے کوالیفائی کرنے پر اثر انداز ہو گی۔
دورہ ویسٹ انڈیز : مصباح الحق ٹیسٹ‘ سرفراز ون ڈے‘ ٹی ٹونٹی کے کپتان مقرر....
Mar 07, 2017