جہلم (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ ہسپتال میں بچہ وارڈ کے عملے کی بے حسی ولاپرواہی سے ایک گھنٹے میں دو بچے جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزتتروٹ کی رہائشی میلوں سفر کر کے اپنے دوماہ کے بچے کا علاج کروانے ڈی ایچ کیو جہلم آئی گھنٹوں لائن میں لگنے کے بعد جب دروازے پر پہنچی تو عملے نے شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے اندر داخل ہونے سے روک دیا ماں بچے کے علاج کی خاطر منتیں سماجتیں کرتی رہی مگر کسی نے اس کی ایک نہ سنی اور بچہ ماں کی گود میں تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہو گیا دوسرے بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں ماں علاج کے لیے ہسپتال لائی لیکن عملے نے اندر بھیجنے کی بجائے لائن میں کھڑا کر دیا اور بچہ علاج سے پہلے ہی فوت ہوگیا ایک گھنٹے میں دو بچوں کی موت کے باوجود ہسپتال اور ضلعی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی بچوں کے لواحقین نے ہسپتال کے اندر پرامن احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر کارروائی کرنے کی اپیل ہے۔